بھارتی جارحیت کے خلاف ردعمل اور جنگ کا پانسہ پلٹنے میں پاک فضائیہ کے کردارکی تعریف
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف دیے گئے ردعمل اور جنگ کا پانسہ پلٹنے میں پاک فضائیہ کے کردار کو خاص طور پر سراہا ہے اور بھارت کی طرف کوئی ثبوت دیئے بغیر کھلی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کو بھارتی دشمنی کے پیش نظر چوکس رہنا چاہیے، اس طرح جنگ کے ایک نیا موڑ لینے کے بعد، پوری قوم متحد ہو گئی۔جنگ کی صورتحال میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے تناظر میں، پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ 10 مئی کو منعقد ہوا۔اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شرکاء نے جنگ کے میدان میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف دیے گئے ردعمل کو سراہا۔ جنگ کا پانسہ پلٹنے میں پاک فضائیہ کے کردار کو خاص طور پر سراہا گیا۔