پٹرول ، بجلی سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے، معتبر ذرائع کے مطابق اب تک کی ورکنگ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔پٹرول کی قیمتوں میں 13 روپے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ،ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں فی لٹر 10 روپے کمی کا امکان ہے، قیمتوں کا حتمی اعلان پندرہ مارچ کو کیا جائے گا، وزیراعظم وزیر خزانہ کی مشاورت سے اعلان کرینگے۔ دوسری طرف 7 ارب ڈالر کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی قرض پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر سے زائد کی دوسری قسط کے حصول کیلئے آئی ایم ایف وفد کیساتھ معاشی ٹیم سے اہم مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں جومزید 4 دن جاری رہیں گے، وفد کیساتھ انتہائی اہم مذاکرات ہوئے جس میں وزارت توانائی حکام کیساتھ ٹیرف ری بیسنگ پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق بجلی نرخوں میں کمی پر آئی ایم ایف نے گرین سگنل دیتے ہوئے نیپرا اور وزارت توانائی کو مشاورت کیساتھ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے۔ نیپرا اور وزارت توانائی حکام نے اپریل یا مئی سے بنیادی نرخوں میں زیادہ سے زیادہ 2 روپے تک فی یونٹ کمی کرنے کی تجویز کاپلان آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کیا۔ ذرائع کے مطابق فی یونٹ ایک سے 2 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے ، اس کا حتمی فیصلہ آئندہ ماہ ہو سکے گا۔ وفد کی جانب سے جنوری تک 2 ڈسکوز کی نجکاری نہ ہونے اور ناقص کارکردگی پر سخت تشویش کااظہار کیاگیا، ذرائع کے مطابق وفد کاکہنا ہیڈسکوز کی کارکردگی بہترکئے بغیرپاور سیکٹر میں مکمل بہتری نہیں لائی جا سکتی، حکام کی جانب سے ڈسکوز کی نجکاری کا پلان شیئر کیا گیا۔ وفد کی جانب سے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کی بھی مخالفت کی گئی ، آئی ایم ایف وفد کیساتھ پاور سیکٹر کے گردشی قرضہ پر اہم مذاکرات آج ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق گورننس پر مذاکرات کیلئے عید کے بعد آئی ایم ایف کا ایک اور وفد آ سکتا ہے، آج آئی ایم ایف وفد کیساتھ ایف بی آر ریونیو، ایگریکلچر انکم ٹیکس، پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس اور ساورن ویلتھ فنڈ پر مذاکرات ہوں گے۔