مری: ایک خاندان کے 10 افرادزندہ جل گئے

تیز رفتار وین بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی، انجن میں آگ بھڑک اٹھی، وین کا  دروازہ نہ کھلنے کے باعث مسافر گاڑی میں پھنس گئے  تھے
افسوسناک حادثے کے شکار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان  سے ہے جو ملتان سے مری جا رہے تھے، لاشیں پمز ہسپتال منتقل،ہر آنکھ اشکبار،فضا سوگوار
 مری( مانیٹرنگ ڈیسک)  مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر  وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے  10  افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کے شکار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان  سے ہے جو ملتان سے مری جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار وین بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے بعد گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، وین کا سلائیڈنگ دروازہ نہ کھلنے کے باعث مسافر گاڑی میں پھنس گئے جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ڈی پی او محمد رضا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مری وین حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا،اسپتال انتظامیہ کے مطابق اب تک چار لاشیں پمز اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔