لاہور میں شوہر کی جانب سے بیوی پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا، جس کے بعد کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو جھیڈو گاؤں سے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ملزم کو خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور ان کے استحصال میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔