زارا نور عباس نے پاکستان کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیا

زارا نور عباس نے پاکستان کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیا

کراچی میں بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر اداکارہ زارا نور عباس نے پاکستان کے موجودہ حالات کو ’’بدترین وقت‘‘ قرار دے دیا ہے۔

 انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ ہر طرف زیادتی اور قتل کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، بلکہ اصل تشویش یہ ہے کہ ان جرائم پر کوئی سخت کارروائی یا مثال قائم نہیں کی جا رہی، جس سے مجرموں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ یہ واقعات اب اتنے عام ہو چکے ہیں کہ یہ کسی ایک صنف تک محدود نہیں رہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کیسے کریں اور کیا قانون کو ہاتھ میں لینا ہی واحد حل رہ گیا ہے؟ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ قانون کا رویہ بھی غیر سنجیدہ دکھائی دیتا ہے۔اداکارہ نے میر رضا علی کیس کا بھی ذکر کیا، جس میں لاش کی دوبارہ قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ ابتدائی طور پر کیس کو خودکشی قرار دیا گیا تھا، مگر بعد میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو گولی مارنے کے ساتھ تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

اس کے علاوہ، انہوں نے کراچی میں ایک کمسن بچی کے ریپ اور قتل کے واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جہاں ملزم کی کم عمری کے باعث اسے ذہنی معاونت دی جانے کی بات کی جا رہی ہے۔زارا نور عباس کا سوال تھا کہ ایسے حالات میں والدین اپنے بچوں کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں، کیونکہ حالیہ واقعات شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔