72 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان، پنجاب میں الرٹ جاری

72 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان، پنجاب میں الرٹ جاری

ویب ڈیسک: آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کا امکان ہے، جس کے باعث پنجاب میں ندی نالوں اور بڑے دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج اور اس کے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ خاص طور پر گنڈاسنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے ڈی جی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں سمیت دیگر علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ وہ حفاظتی اقدامات کر سکیں۔
دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61 فیصد، پونگ ڈیم 76 فیصد، اور تھین ڈیم 64 فیصد تک بھر چکے ہیں، جس کے باعث پانی کے اخراج سے دریا میں بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایمرجنسی کنٹرول رومز کو فعال رکھیں اور عوام کو صورتحال سے باخبر رکھتے ہوئے ہنگامی انخلاء کے لیے تیار رہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔