وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے گہرے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان تجارت سمیت دیگر شعبوں میں بحرین کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے بحرین کے وزیر داخلہ نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے بحرین کے وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہا اور شاہ بحرین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بحرین میں مقیم 1 لاکھ 20 ہزار پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں اور خواہش ہے کہ بحرین پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بحرین کے پولیس اہلکاروں کی نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت کی پیشکش بھی کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔