حکومت کا 15مارچ کو یوم تحفظ ناموس رسالت منانے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے 15مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کو بطور یوم تحفظ ناموس رسالت منانے کافیصلہ کیا ہے۔وزارت مذہبی امور نے 15 مارچ کو یوم تحفظِ ناموس رسالت  کے طور پر منانے کا مراسلہ جاری کردیا ہے۔مراسلے میں صوبوں کو توہین مذہب کا مواد روکنے کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی سفارشات جاری کی گئی ہیں۔پنجاب، سندھ، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز مذہبی امور کو سفارشات جاری کی گئی ہیں۔مولانا حنیف جالندھری، علامہ محمد افضل حیدری، مفتی منیب الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر ساجد میر اور مولانا عبدالمالک سے بھی لائحہ عمل بنا کر عوام میں آگاہی مہم چلانے کی اپیل کی گئی ہے۔