جنرل ہولڈاپ کے دوران موٹر سائیکل سوارباز محمد کو روک کر جانچ پڑتال کی گئی تو پتہ چلا اس کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں
چیکنگ کے دوران ٹریفک وارڈنز شہری کا ریکارڈ دیکھ کر حیران رہ گئے‘باز محمد کی موٹرسائیکل کو تھانہ مسلم ٹائون میں بند کردیا گیا
لاہور (آئی این پی )لاہور میں ایک شہری کے نام پر 421 گاڑیوں کا انکشاف ہواہے، جس پر لاکھوں روپے کے چالان دیکھ کر پولیس اہلکار بھی حیران رہ گئے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق جنرل ہولڈاپ کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر اس کی ملکیت کی جانچ پڑتال کی گئی تو انکشاف ہوا کہ باز محمد کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں۔ اس انکشاف نے موقع پر موجود اہلکاروں کو بھی حیران کر دیا۔رپورٹ کے مطابق باز محمد کے نام پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد کے ای چالان بھی واجب الادا ہیں۔ کارروائی کے دوران مذکورہ شہری کی موٹر سائیکل کو تھانہ مسلم ٹائون میں بند کر دیا گیا۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر ای چالان نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ ای چالان نادہندگان کو اب سخت کارروائی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔