پنجاب حکومت وفاق کو570 ارب روپے کی مالیاتی رعایت دینے پر تیار

پنجاب حکومت کی رعایت سے وفاق اپنے مالیاتی خسارے اور  آئی ایم ایف اہداف کو پوراکرسکے گا‘صوبے کو این ایف سے زیادہ رقم ملے گی
پاکستان نے آئی ایم ایف کو آئندہ مالی سال میں مزید محصولات بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی‘ بجٹ کے اعلان سے قبل ہی سولر پینل مہنگے
لاہور‘اسلام آباد(آئی  این پی ) پنجاب حکومت وفاق کو  مالیاتی رعایت دینے  پر تیار ہوگئی۔پنجاب اسمبلی  ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق  پنجاب حکومت وفاق کو  مالیاتی رعایت دینے پر تیار ہے اور صوبے کی جانب سے وفاق کو  570 ارب روپے کی مالیاتی رعایت دی جاسکتی ہے۔  ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی رعایت سے وفاق اپنے مالیاتی خسارے اور  آئی ایم ایف اہداف کو پوراکرسکے گا جب کہ پنجاب کو این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل سے 3793 ارب سے زائد رقم ملے گی۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ خدوخال کو حتمی شکل دے دی ہے اور نئے مالی سال کے مجموعی بجٹ کاحجم 5 ہزار 131 ارب روپے پر مشتمل ہوگا۔ دریں اثناء پاکستان نے آئی ایم ایف کو آئندہ مالی سال میں مزید محصولات بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی۔رپورٹ  کے مطابق پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کو مالی سال 2026-27 میں مزید محصولات بڑھانے اور ٹیکس اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔آئی ایم ایف دستاویزات میں کہا گیا کہ حکومت نئے ٹیکس اقدامات اور اصلاحات کے ذریعے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)کے 0.3 فیصد کے برابر اضافی آمدن حاصل کرے گی، اس مقصد کے لیے ٹیکس چھوٹ اور مراعات میں کمی کرکے جی ڈی پی کے 0.15 فیصد کے مساوی اضافی محصولات جمع کیے جائیں گے‘ وفاقی بجٹ کے اعلان سے قبل ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے سولر پینلز پر جنرل سیلز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں فی پلیٹ 7 ہزار سے 9 ہزار روپے تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں انورٹرز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے