ڈاکٹر ازقا مس سپرانیشنل پاکستان منتخب، پولینڈ میں ملک کی نمائندگی کریں گی

لاہور(شوبز ڈیسک )برطانیہ میں مقیم پاکستانی نڑاد ڈاکٹر ازقا سہیل کو مس سپرانیشنل پاکستان 2026 منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ پولینڈ میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن مس سپرانیشنل 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔پولینڈ میں ہونے والا یہ مقابلہ دنیا کے پانچ بڑیعالمی بیوٹی پیجنٹس میں شمار کیا جاتا ہے جہاں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی حسینائیں اپنے ملک کی ثقافت، روایات، سماجی خدمات اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر پیش کرتی ہیں۔ڈاکٹر ازقا سہیل پیشے کے اعتبار سے میڈیکل ڈاکٹر اور ایس تھیٹک پریکٹیشنر ہیں، وہ برطانیہ میں طب کے شعبے سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں اور لندن میں قائم فلاحی تنظیم اڈانا کے بورڈ کی رکن بھی ہیں۔ڈاکٹر ازقا اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ سماجی خدمات کو بھی اپنی زندگی کا اہم حصہ قرار دیتی ہیں اور خواتین کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کی کوششوں میں سرگرم رہتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی والدہ کی جدوجہد سے ہمیشہ حوصلہ ملا، ان کی والدہ کا تعلق پنجاب کے شہر ملکوال کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تھا لیکن انہوں نے محنت، تعلیم اور عزم کے ذریعے برطانیہ میں کالج پرنسپل کا منصب حاصل کیا۔