کسانوں کی حوصلہ افزائی انتہائی ضروری ہے تاکہ چینی کی پیداوار میں کمی نہ آئے اور قیمتوں میں استحکام رہے
اسلام آباد(آن لائن) نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت نے چینی کی درآمد، سال 2025-26میں چینی کی متوقع پیداوار، اور موجودہ چینی کی قیمتوں کی صورتحال کا گہرائی سے تجزیہ کیا۔اجلاس کے دوران اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ صوبائی محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کسانوں کو گنے کی مناسب قیمت بروقت فراہم کی جائے تاکہ چینی کی پیداوار میں استحکام برقرار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گنے کے کسانوں کی حوصلہ افزائی کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ملکی چینی کی پیداوار میں کمی نہ آئے اور قیمتوں میں استحکام برقرار رہے۔