میاں صاحب: آپ جانتے ہوئے بھی غلط کر رہے ہیں:محمود اچکزئی

 آپ ہارے ہوئے ہیں‘ گھر میں اپنی بی بی جان، بیٹی جان اور بچوں کا کیسے سامنا کرتے ہیں
 ظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں ‘ اگر ساتھ نہیں دے سکتے تو دعا کریں:لاہور میں میڈیا سے گفتگو
لاہور(آئی این پی)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی  نے  سابق وزیر اعظم نوازشریف  کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے   میاں صاحب میرے دوست ہیں لیکن آپ جانتے ہیں کہ آپ غلط کر رہے ہیں،معذرت کے ساتھ ہماری اسٹبلشمنٹ کی تربیت ہی غلط ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نوازشریف صاحب، آپ گھر میں اپنی بی بی جان، بیٹی جان اور بچوں کا کیسے سامنا کرتے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ آپ الیکشن ہارے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے کمال کر دیا کہ تحریک انصاف جس کے پاس اپنی جماعت کا انتخابی نشان بھی نہیں تھا اس کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر ووٹ دیا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نہ شہباز شریف سے جھگڑا ہے اور نہ نواز شریف سے جھگڑا ہے،  نہ ہی ہماری فوج اور یہاں کے ایجنسیوں سے کوئی جھگڑا ہے۔ دنیا جہاں کی فوجیں جو کر رہی ہیں آپ اسی فریم میں رہیں تو آپ ہمارے بھائی ہیں۔ دنیا کو چلانے کے لیے ایک نظام دیا ہوا ہے اور سب کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے، نظام کو خراب نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ معذرت کے ساتھ ہماری اسٹبلشمنٹ کی تربیت ہی غلط ہے، آپ کو اگر شوق ہے تو آئیں وہ کام چھوڑ کر آئیں لیکن ڈنڈے دھونس سے کام نہیں چلے گا۔ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، ظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں اور اگر ساتھ نہیں دے سکتے تو دعا کریں۔