عالمی ایونٹ میں مہمان ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی جائیگی ،وزارت داخلہ نے اداروں کو ہدایات جاری کردیں
لاہور ( کرائم رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی سکیورٹی کیلئے کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ،وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج تعینات کرنے کی منظوری د ی۔ذرائع کے مطابق کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے موقع پر پاک فوج، سول آرمڈ فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ سکیورٹی فراہم کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے 12 فروری سے ٹیمیں پاکستان پہنچ رہی ہیں، پی سی بی، پنجاب اور سندھ حکومت کی درخواست پر سکیورٹی کیلئے فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ٹیموں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے اداروں اور صوبائی محکمہ داخلہ کو ہدایات جاری کردیں، آنے والی مہمان ٹیموں کو صدارتی سطح کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔