بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے مشاورت کے بعد ہی کوئی جواب دوں گی :بشریٰ بی بی،انسداددہشتگردی عدالت کا ملاقات کرانیکا حکم
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے حالیہ احتجاج کے 20 مقدمات میں تفتیش کے دوران پولیس کو جوابات دینے سے انکار کردیا،انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور وکیل سلمان صفدر سے مشاورت سے مشروط کرتے ہوئے بیان دینے کا موقف اختیار کر لیا۔ بشریٰ بی بی کو راولپنڈی میں درج 20 مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کے لئے پولیس ٹیمیں جیل پہنچیں اور راولپنڈی پولیس کے 20 تفتیشی افسروں نے اڈیالہ جیل کے ایڈمن بلاک میں بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کیا ، بشریٰ بی بی نے پولیس کے سوالوں کے جوابات بانی پی ٹی آئی اوراپنے وکیل سلمان صفدر سے مشاورت سے مشروط کردئیے۔بشریٰ بی بی نے پولیس کی ابتدائی تفتیش میں بیان دینے سے انکار کردیا۔بعد ازاں اڈیالہ جیل میں 26 نومبر کے بعد درج ہونے والے 31 مقدمات کی سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کو جج امجد علی شاہ کی انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ شامل تفتیش ہونے سے قبل بانی پی ٹی آئی اور اپنے وکیل سلمان صفدر سے مشاورت کرنی ہے، مشاورت کے بعد اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے تیار ہوں، بانی پی ٹی آئی اور وکیل سلمان صفدر سے اگر آج ملاقات کروا دی جائے تو آج ہی شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں۔ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے کی بھی عدالت سے درخواست کی، اس پر عدالت نے ایس او پیز کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکیل سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا اور سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔