کوٹ خان محمد میںدکان میں چوری کے بعد جرگہ بلایا گیا ، دکاندار کے اصرار پر مشتبہ افراد کو سزا کے طور پر دہکتے انگاروں پر چلایا گیا
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا،تاہم یہ غیر انسانی طریقہ کار علاقے کی قانونی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے
لاہور(نیٹ نیوز)موسیٰ خیل کے علاقے کوٹ خان محمد میں ایک افسوس ناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں دکان میں چوری کے شبے پر مقامی جرگے نے رسم کے نام پر آٹھ افراد کو آگ کی انگاروں پر چلایا یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جس نے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔علاقہ مکینوں کے مطابق دکان میں چوری کے بعد جرگہ بلایا گیا تھا، جہاں دکاندار کے شدید اصرار پر مشتبہ افراد کو سزا کے طور پر دہکتے انگاروں پر چلایا گیا اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم یہ غیر انسانی اور فرسودہ طریقہ کار علاقے کی سماجی اور قانونی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل رزاق خجک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کو ایسے واقعے کی اطلاع موصول ہو چکی ہے اور اس پر تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی اقدام قبول نہیں ہوگا۔