ڈولفن کی ہیوی بائیکس ناکارہ ہونے لگیں

 ڈولفن فورس کی موٹرسائیکلیں 2 لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد تبدیل ہونا تھیں جو نہ ہو سکیں 
زیادہ استعمال کے باعث ہیوی بائیکس کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن پولیس کیلئے خریدی گئی 550 سی سی ہیوی بائیکس ناکارہ ہونے لگیں، فورس کے لیے مجموعی طور پر 600 ہیوی بائیکس خریدی گئی تھیں۔ذرائع کے مطابق ترک پولیس ماڈل پر بنائی گئی ڈولفن فورس کی موٹرسائیکلیں 2 لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد تبدیل ہونا تھیں، تاہم یہ بائیکس 2 لاکھ کلومیٹر سے زائد چل چکی ہیں اور تاحال تبدیل نہیں کی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ استعمال کے باعث ہیوی بائیکس کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہور پولیس نے ڈولفن فورس کے لیے نئی موٹرسائیکلوں کی خریداری سے متعلق سفارشات تیار کرلی ہیں، جن میں 150 سی سی یا 250 سی سی موٹرسائیکلیں خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔لاہور پولیس کی جانب سے نئی موٹرسائیکلوں کی خریداری کے لیے دو کمپنیوں کے نام بھی سفارشات میں شامل کیے گئے ہیں۔ ڈولفن فورس کے لیے نئی موٹرسائیکلوں کی خریداری کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب دیں گی، جبکہ فورس کے مستقبل سے متعلق فیصلہ بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے ہوگا۔