ایک ہفتے کے دوران کارروائی ،انٹرنل اکا ئونٹیبلٹی برانچ کو کرپشن پر بروقت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب کے حکم پر کرپشن اور محکمانہ بے ضابطگیوں میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ 8 روز کے دوران 210 افسران و اہلکاروں کو مختلف عہدوں سے ہٹا دیا گیا، جن میں لاہور کے 42 افسران و اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق عہدوں سے ہٹائے جانے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک کے افسران و اہلکار شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 41 افسران و اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے الزامات پر کارروائی کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن اور دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کو معطل کرنے کے ساتھ سخت محکمانہ سزائیں دی گئیں جبکہ بعض کو کلوز لائن بھی کیا گیا۔ دیگر کرپٹ افسران و اہلکاروں کے خلاف خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے انٹرنل اکا ئونٹیبلٹی برانچ کو کرپشن کے معاملات پر بروقت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اینٹی کرپشن کی جانب سے بھی کرپٹ ملازمین کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔