فیڈ ملز کیخلاف چھاپے، ،غذائی بحران سے بچنے کیلئے حکومت ڈیوٹی فری مکئی درآمد کی اجازت دے، پی پی اے
لاہور( خصوصی رپورٹ)گندم کی قلت کا معاملہ ،برائلر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے فیڈ ملز کو گندم کے استعمال سے روکنے پر پولٹری فارمرز کو فیڈ کی کمی کا سامنا ہے ۔ حکومت نے گندم کی قلت پر فیڈ ملز کیخلاف چھاپوں کا آغاز کردیا ۔ چیئرمین پی پی اے عبدالباسط کاکہناہے کہ چھاپوں اور فیڈ ملز کو سیل کرنے سے مرغی کی فیڈ کا شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے۔فیڈ ملز نے گندم کی خریداری ملک میں گندم وافر مقدار میں موجود ہونے اور حکومتی اجازت پر کی تھی لیکن اب انتظامیہ فیڈ ملز کیخلاف چھاپے ماررہی ہے ۔غذائی بحران سے بچنے کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر ڈیوٹی فری مکئی درآمد کرنیکی اجازت دے جس سے فیڈ ملز مالکان گندم کو فیڈ میں استعمال سے اجتناب کرینگے ۔ انہوں نے کہاپولٹری انڈسٹری حکومت کی طرف سے فی چوزہ دس روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے سے پہلے ہی بحران کا شکار ہے۔ فارمرز کو نقصان سے غذائی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔