صبح جاگتے ہی سگریٹ؟ یہ عادت آپ کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے!

صبح جاگتے ہی سگریٹ؟ یہ عادت آپ کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے!

ایک مشہور کہاوت ہے کہ "صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے"۔

 مگر تمباکو نوش افراد اپنی صحت پر خود ظلم کر رہے ہیں، اور خاص طور پر صبح جاگنے کے فوراً بعد سگریٹ پینا نہ صرف خطرناک عادت ہے بلکہ جان لیوا بیماریوں کا پیش خیمہ بھی بن سکتا ہے۔نئی سائنسی تحقیق کے مطابق، صبح سویرے نہار منہ سگریٹ نوشی منہ، گلے اور پھیپھڑوں کے کینسر کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔ پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر اسٹیون برانسٹیٹر کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو افراد جاگنے کے پہلے 30 منٹ کے اندر سگریٹ پیتے ہیں، ان کے خون میں NNAL نامی خطرناک کیمیکل کی مقدار نمایاں طور پر زیادہ پائی گئی۔ یہ مادہ تمباکو میں موجود NNK نامی کینسر پیدا کرنے والے جز سے بنتا ہے۔تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر دو افراد دن بھر میں ایک ہی تعداد میں سگریٹ پیتے ہوں، تب بھی وہ شخص جو صبح اٹھتے ہی سگریٹ پیتا ہے، زیادہ خطرے میں ہوتا ہے۔ نہار منہ نکوٹین کی شدت سے طلب بڑھ جاتی ہے، جو دماغ کو فوری سگریٹ کی طرف مائل کرتی ہے، اور یہی لمحہ نکوٹین کے جسم پر سب سے زیادہ نقصان دہ اثرات ڈالنے کا ہوتا ہے۔

سگریٹ سے نجات کے طریقے:

پانی پئیں: جاگنے کے فوراً بعد ایک گلاس پانی پینے سے جسم ہائیڈریٹ ہوتا ہے اور سگریٹ کی فوری طلب کم ہوتی ہے۔صبح کی ہلکی ورزش کریں: جسم میں اینڈورفنز خارج ہوتے ہیں، جو موڈ بہتر بناتے ہیں اور تمباکو کی طلب پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں۔خود کو مصروف رکھیں: نکوٹین کی طلب کو دبانے کا بہترین طریقہ ذہن کو کسی مثبت سرگرمی میں لگانا ہے۔صحت کے ماہرین واضح کر چکے ہیں کہ سگریٹ نوشی کا کوئی فائدہ نہیں، صرف نقصان ہے۔ خاص طور پر صبح کے وقت سگریٹ پینا خطرناک کیمیکلز کے اخراج کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے، جو کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔