اداکارنانا پاٹیکر 75برس کی عمر میں چل بسے

بھارتی اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی:ڈاکٹرز کی تصدیق
ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں چل بسے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح گوا میں اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔اداکار کے ڈاکٹر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ ہم نے نانا پاٹیکر کی جان بچانے کے لیے تقریبا 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر دیا لیکن ان کی حالت میں بہتری نہ آ سکی جس کے بعد انہیں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دے دیا گیا۔ڈاکٹر کے مطابق اداکار کی موت کے معاملے میں میڈیکو لیگل کیس بھی درج کر لیا گیا ہے اور اب پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔وشواناتھ پاٹیکر کے نام سے یکم جنوری 1951 کو پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم گامن سے ہندی سنیما میں قدم رکھا۔انہوں نے پرندہ، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، خاموشی: دی میوزیکل، اب تک چھپن اور ویلکم سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔نانا پاٹیکر کو اپنے فلمی کیریئر میں 3 نیشنل فلم ایوارڈز اور متعدد دیگر اعزازات ملے، جبکہ 2013 میں انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔