نارووال :101جوڑوں کی اجتماعی شادی

 دھی رانی پروگرام کے تحت نو بیاہتا جوڑوں کو وزیراعلٰی کی جانب سے 2لاکھ فی کس سلامی پیش کی گئی
 نارووال (خصوصی رپورٹ)وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کے ویڑن کے مطابق دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع نارووال میں101جوڑوں اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری،صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ،چیئرمین پنجاب بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم بٹ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مسیحی اور مسلمان 101نو بیاہتا جوڑوں کو وزیراعلٰی مریم نواز کی جانب سے دھی رانی پروگرام کے تحت 2لاکھ فی کس کے حساب سے سلامی (بذریعہ ایٹی ایم کارڈ)پیش کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں آج کے اس پر مسرت دن پر نئے شادی شدہ جوڑوں اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلٰی پنجاب کے دل کے انتہائی قریب ہے۔دھی رانی پروگرام تمام مذاہب کی بیٹیوں کے لئے ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے احسن اقبال کے ہمراہ نوبیاہتا جوڑوں میں دھی رانی پروگرام کے تحت مہیا کی جانے والی سلامی کے ایٹی ایم کارڈ زتقسیم کیے۔