احتجاج کے دوران ہمارے12کارکن جاں بحق، 200لاپتا ہیں: عمر ایوب

 ملک میں ورچوئل مارشل لاء لگا ہوا ہے، شہبازشریف کا مائنڈ سیٹ ہٹلرجیسا ،لباس بھی ہٹلر جیسا پہنتا ہے
 ملک میں سب کچھ تباہ وبرباد ہوگیا،الیکشن کے بعد سے اب تک ملک میں استحکام نہیں آرہا ہے،شبلی فراز
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد احتجاج کے دوران ہمارے12کارکن جاں بحق ہوئے، 200لاپتا ہیں۔پشاور میں پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے اسد قیصر،شبلی فراز،شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پانچ دسمبرکوبانی پی ٹی آئی سے طویل ملاقات ہوئی تھی، میں جیسے ہی اڈیالہ جیل سے باہرنکلا تومجھے گرفتارکرلیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگلے دن عدالت نے میری رہائی کا آرڈردیا، 24نومبرکوہم نے پرامن احتجاج کیا، پرامن احتجاج میں نہتے کارکنوں پرگولیاں چلائی گئیں، 12نہتے کارکن مارے گئے،200سے زائد کارکن تاحال لاپتا ہیں۔عمرایوب کا کہنا تھا کہ پانچ ہزار سے زائد ہمارے کارکنان گرفتارہوئے، 13دسمبر کو کارکنوں کے لیے دعائیہ تقریب ہوگی، 15دسمبرکواوورسیزپاکستانی دعا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے زخمی کارکنان کوڈرایا،دھمکایا جارہا ہے، ملک میں ورچوئل مارشل لاء لگا ہوا ہے، شہبازشریف کا مائنڈ سیٹ ہٹلرجیسا ہے، شہبازشریف لباس بھی ہٹلرجیسا پہنتا ہے، ملک میں ریاستی دہشت گردی کا بول بالا ہے۔مرکزی رہنما تحریک انصاف شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 8فروری کی غلطی کی وجہ سے ملک انتشارسے دوچارہے،اس دن ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، غلطی کو چھپانے کے لیے100جھوٹ بولے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سب کچھ تباہ وبرباد ہوگیا،الیکشن کے بعد سے اب تک ملک میں استحکام نہیں آرہا ہے۔