ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ہیلتھ ریفارمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
اس اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ریفرل سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں میں ریفرل سسٹم کے نفاذ کے لئے ایک جامع پلان طلب کیا اور ہدایت دی کہ مراکز صحت، ہیلتھ کلینک، اور چھوٹے ہسپتالوں سے سپیشلائزڈ ہسپتالوں میں مریضوں کا لوڈ کم کرنے کے لئے ایک فول پروف ریفرل سسٹم وضع کیا جائے۔مزید برآں، میڈیکل سٹی اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی اور ٹیکساس، جدہ، اور دوحا کی طرز پر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیکل سٹی لاہور کے لیے مناسب مقام پر اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی، اور عالمی معیار کے میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے پروفیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کے تحت لاہور میں بہترین پرائیویٹ ہسپتال قائم کرنے کے لیے بنیادی سہولتیں حکومت پنجاب فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ہر ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں میڈیکل سٹی قائم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا، اور ڈسٹرکٹ لیول پر سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل فیسلٹیز قائم کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کے متعلق امور کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 999 بھی قائم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے حوالے سے 92 فیصد بہتری آئی ہے، اور ادویات کی فراہمی کے عمل میں بھی 92 فیصد بہتری دیکھی گئی ہے۔ لاہور کے ہسپتالوں میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں میں 83 فیصد بہتری نوٹ کی گئی، اور دیگر کئی شعبوں میں بھی بہتری آئی ہے، جیسے کہ ڈیوٹی روسٹر ڈسپلے، کیو مینجمنٹ سسٹم، صفائی کے امور، اور مریضوں کے شکایات کے ازالے کے سسٹم میں 75 فیصد سے 84 فیصد تک بہتری آئی ہے۔پتھالوجی اور ڈائیگناسٹک، بلڈ بنک کے امور میں 93 فیصد، اور فائی سیفٹی کے امور میں 83 فیصد بہتری آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ہسپتالوں میں مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سروسز فراہم کی جائیں۔یہ تمام اقدامات پنجاب کے صحت کے شعبے کو جدید بنانے اور عوام کو بہتر صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہم قدم ہیں۔