ریاض: یمن کے حوثی گروپ انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
سعودی اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں نے ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان سمیت مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ حکام کے مطابق حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔سعودی اتحادی فورس نے حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق یمن کے البیضا اور الجوف صوبوں میں حکومتی فورسز اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں بھی شدت آگئی ہے۔یمنی فورسز نے حوثیوں کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یمنی نائب وزیر دفاع میجر جنرل سمیر الصبری کے مطابق حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔سعودی عرب اور یمن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے کی پہلے سے پیچیدہ سکیورٹی صورتحال مزید سنگین ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔