اسلام آباد ہائیکورٹ میں 17 ہزار 745مقدمات زیر التوا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد 17 ہزار 745 جبکہ ضلعی عدالتوں میں 46 ہزار 979 تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 6 ہزار 326 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 4 ہزار 730 مقدمات نمٹائے گئے، ہائیکورٹ میں زیرِ التوا مقدمات میں 15 ہزار 846 سول جبکہ ایک ہزار 899 فوجداری مقدمات شامل ہیں۔ اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 56 ہزار 708 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 61 ہزار 113 مقدمات نمٹائے گئے اور 46 ہزار 979 مقدمات زیرِ التوا ہیں، ان میں 29 ہزار 92 سول جبکہ 17 ہزار 887 فوجداری مقدمات شامل ہیں۔ ضلعی عدالتوں نے رواں سال پہلے چھ ماہ میں دائر مقدمات کی نسبت زیادہ تعداد میں کیسز نمٹائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی سول مقدمات کی تعداد فوجداری مقدمات سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔