وزیراعلیٰ کے دہشتگردی سے متعلق تحفظات کو صوبائی رنگ دیا گیا: عظمیٰ بخاری

پاکستان کو بھارت کی پراکسی دہشتگردی کا خطرہ ہے، دہشتگرد صوبائی سرحدوں کی پروا نہیں کرتے
خیبرپختونخوا  ‘ بلوچستان، پنجاب  یا سندھ ہو، ہر جگہ دہشتگردی کے خاتمے  کیلئے مربوط کارروائی ضروری ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دہشت گردی سے متعلق بیان پر ہونے والی تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے  وزیراعلیٰ کے ایک واضح سیکیورٹی کنسرن کو خواہ مخواہ سیاسی اور صوبائی رنگ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم اور تمام صوبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اسے صوبائیت یا سیاست کی عینک سے دیکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسی تناظر میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ بیرونی سرحدوں سے آنے والے دہشت گرد عناصر اور پراکسیز کا خطرہ بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ معرکہ? حق سمیت ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کو کسی ملک سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، تاہم جو عناصر براہِ راست مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، اور اس خطرے سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ خیبرپختونخوا ہو یا بلوچستان، پنجاب ہو یا سندھ، ہر جگہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے مؤثر حکمت عملی اور مربوط کارروائی ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں میں امن قائم ہو اور دہشت گردوں کے سلیپر سیلز اور نیٹ ورکس اسی طرح ختم کیے جائیں جیسے پنجاب میں کیے گئے ہیں