50 سے 60 فیصد ڈاکٹر زکی بیرون ملک منتقلی کا انکشاف

سب سے زیادہ آئرلینڈ جا رہے ، جہاں 5 ہزار یورو ماہانہ تنخواہ :انوشہ رحمن
سالانہ 22ہزار ڈاکٹرز تیار ہوتے،آبادی کے لحاظ سے تعداد ناکافی:مصطفی کمال
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ 50 سے60 فیصد ڈاکٹر بیرون ملک جا رہے ہیں، سینیٹر انوشہ رحمٰن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان میں تربیت پانے والے ڈاکٹرز کی بڑی تعداد ملک میں خدمات دینے کے بجائے غیر ممالک میں روزگار کو ترجیح دے رہی ہے اور پاکستان کے50 سے 60 فیصد ڈاکٹرز بیرونِ ملک جا رہے ہیں۔سب سے زیادہ پاکستانی ڈاکٹرز آئرلینڈ جا رہے ہیں، جہاں انہیں پانچ ہزار یورو ماہانہ تنخواہ ملتی ہے۔ڈاکٹرز کی ہجرت ملکی صحت کے نظام کے لیے خطرہ بن چکی ہے، اور اس سے سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی شدید کمی پیدا ہو رہی ہے۔وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 22 ہزار ڈاکٹر تیار ہوتے ہیں، لیکن 25 کروڑ آبادی کے لحاظ سے یہ تعداد ناکافی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ڈاکٹرز کی بڑی تعداد تعلیم مکمل کرنے کے بعد پریکٹس نہیں کرتی، جس سے ہیلتھ سیکٹر میں دستیاب ماہر عملہ مزید کم ہو جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ ڈاکٹرز کی ہجرت اور عدم دستیابی صحت کے شعبے کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔