کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر محمد سلیم نے اوٹاوا میں کینیڈین وفاقی وزیر برائے امیگریشن، ریفیوجیز اور سٹیزن شپ لینا میٹلیج ڈیاب سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران کینیڈین وزیر نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سماجی و معاشی ترقی میں کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی نژاد شہری ملک کی معیشت، تعلیم اور کاروبار کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہائی کمشنر محمد سلیم اور وزیر لینا میٹلیج ڈیاب نے پاکستان اور کینیڈا کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امیگریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے، طلبہ اور کاروباری وفود کے تبادلوں کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔