آج پاکستان میں 8 جنوری کے موقع پر یومِ گردشِ زمین (Earth’s Rotation Day) منایا جا رہا ہے، جو سائنس کی تعلیم، مشاہدے اور تنقیدی سوچ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ دن اس تاریخی واقعے کی یاد دلاتا ہے جب زمین کی گردش کو صرف نظریے کے بجائے عملی تجربے کے ذریعے ثابت کیا گیا۔ 8 جنوری 1851 کو فرانسیسی طبیعیات دان لیون فوکو نے پیرس میں ایک بڑے جھولتے ہوئے پینڈولم کے ذریعے یہ مظاہرہ کیا، جس نے دنیا کو یہ واضح کیا کہ زمین واقعی اپنے محور کے گرد گھوم رہی ہے۔یومِ گردشِ زمین طلبہ، سائنسدانوں اور عام شہریوں کو یاد دلاتا ہے کہ سادہ مشاہدے بھی کس طرح انسانیت کو ہمارے سیارے اور کائنات میں ہماری جگہ کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
تکنیکی اور عملی اہمیت:
زمین کی گردش کو سمجھنا نہ صرف تعلیمی لحاظ سے اہم ہے بلکہ سیٹلائٹ پر مبنی موسمی نگرانی، قدرتی آفات کے انتظام، نیویگیشن اور خلائی تحقیق جیسے شعبوں میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ قومی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک بنیادی عنصر ہے۔
اسپارکو کی تجاویز:
پاکستان اسپیس اینڈ ایٹرانومیکل ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ترجمان نے کہا کہ یہ دن طلبہ کو طبیعیات، فلکیات اور خلائی علوم میں دلچسپی لینے کی ترغیب دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ اسپارکو کے مطابق عملی تجربات اور مشاہداتی سائنس طلبہ کو نہ صرف سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں بلکہ ان میں تنقیدی سوچ اور تحقیق کی صلاحیت بھی پیدا کرتے ہیں۔اس موقع پر تعلیمی اداروں، سائنسی تنظیموں اور اسکولوں میں مختلف ورکشاپس، لیکچرز اور عملی مظاہرے بھی منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ نوجوان نسل میں سائنس کے شعبے میں دلچسپی بڑھائی جا سکے۔