ویب ڈیسک: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت یرغمالیوں کی رہائی کے پانچویں مرحلے میں مزید 3 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ رہائی غزہ کے شہر دیر البلح سے عمل میں آئی، جہاں حماس نے 56 سالہ اوہاد بن ایمی، 52 سالہ ایلی شرابی اور 34 سالہ اور لیوی کو ریڈ کراس کی کمیٹی کے سپرد کیا۔رپورٹس کے مطابق پانچویں مرحلے کے تحت اب 183 فلسطینی قیدیوں کی رہائی متوقع ہے۔یاد رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے پہلے مرحلے میں 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا تھا، جس کے بدلے میں اسرائیل نے 90 فلسطینیوں کو آزاد کیا تھا۔ دوسرے مرحلے میں 4 اسرائیلی خواتین کے بدلے 120 فلسطینی قیدی رہا کیے گئے، جبکہ تیسرے مرحلے میں 5 تھائی خواتین سمیت 8 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا۔چوتھے مرحلے میں حماس نے 2 اسرائیلی قیدیوں کو خان یونس میں ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا، جس کے بدلے میں اسرائیل نے 183 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔