بگ باس 19 کا بڑا فائنل بے حد دلچسپ اور مقابلے سے بھرپور رہا، جس میں گورَو کھنّا نے 15 ہفتوں پر محیط سخت مقابلے کے بعد یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
فائنل رات، میزبان سلمان خان نے گورَو کھنّا کو فاتح قرار دیتے ہوئے انہیں نہ صرف ٹرافی دی بلکہ 50 لاکھ روپے انعامی رقم اور ایک نئی کار بھی انعام میں دی۔ اس مقابلے میں فرحانہ بھٹ رنر اپ رہیں۔پانچ حتمی امیدواروں میں شامل تھے: گورَو کھنّا، فرحانہ بھٹ، پرنیت مورے، تانیا مِتّل، اور امال ملک۔ گورَو نے اپنی بردباری، تحمل اور باوقار رویے سے، جنہیں سلمان خان بھی بارہا سراہتے رہے، دیگر امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ گورَو کھنّا اس سے قبل 2025 کا ’سیلیبریٹی ماسٹر شیف‘ ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں، جس کے تحت انہیں 20 لاکھ روپے کا انعام ملا۔ اس کے علاوہ، وہ ڈرامہ سیریل ’’انُوپما‘‘ میں اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے ہیں۔بگ باس 19 کی جیت کے بعد، یہ توقع کی جا رہی ہے کہ گورَو کھنّا ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی مقبولیت مزید بڑھائیں گے اور مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔