ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں ایرانی عوام سڑکوں پر، تنصیبات کے گرد انسانی زنجیریں قائم

ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں ایرانی عوام سڑکوں پر، تنصیبات کے گرد انسانی زنجیریں قائم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی تہذیب و تمدن کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکیوں کے بعد ایران میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ملک بھر میں اہم تنصیبات کے گرد انسانی زنجیریں قائم کر دیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق مختلف شہروں میں شہریوں نے اہم پلوں، بجلی گھروں اور دیگر حساس مقامات کے اطراف جمع ہو کر قومی پرچم اٹھائے اور یکجہتی کا اظہار کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔انسانی زنجیر بنانے والوں میں ہر عمر اور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، جن میں بچے، بزرگ، خواتین اور طلبہ و طالبات بھی پیش پیش نظر آئے۔شرکا کا کہنا تھا کہ وہ جنگی خطرات کے باوجود اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ان مقامات پر موجود ہیں تاکہ قومی تنصیبات کو کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھا جا سکے۔دوسری جانب ایران کے سرکاری اور نیم سرکاری میڈیا نے ان مناظر کو عوامی اتحاد اور مزاحمت کی علامت قرار دیا ہے، جبکہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی خودمختاری اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔