سیلاب کا اثر، ریلوے کو کروڑوں کا خسارہ، کنٹریکٹر کو مالی فائدہ

سیلاب کا اثر، ریلوے کو کروڑوں کا خسارہ، کنٹریکٹر کو مالی فائدہ

لاہور: سیلاب کے باعث فیروز والا کے قریب ریلوے پل تباہ ہونے اور شالیمار ایکسپریس کے روٹ میں تبدیلی کے بعد پاکستان ریلوے کو کروڑوں روپے کے خسارے جبکہ کنٹریکٹر کو مبینہ طور پر خطیر مالی فائدہ پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد، لاہور ریلوے سیکشن کی بحالی تک شالیمار ایکسپریس کو براستہ ساہیوال اور ملتان چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ روٹ کی تبدیلی کے بعد ٹرین کی ہفتہ وار قسط میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی رعایت دی گئی۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کنٹریکٹر پہلے یومیہ 71 لاکھ 66 ہزار روپے اور ہفتہ وار 5 کروڑ ایک لاکھ روپے ادا کرنے کا پابند تھا، تاہم نظرثانی کے بعد یہ رقم کم کرکے یومیہ 57 لاکھ 33 ہزار روپے اور ہفتہ وار 4 کروڑ 13 لاکھ روپے کردی گئی۔یوں ریلوے کو ہر ہفتے تقریباً ایک کروڑ 3 لاکھ روپے کا براہِ راست مالی خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب ترجمان پاکستان ریلوے کا مؤقف ہے کہ روٹ کی تبدیلی کے باعث شالیمار ایکسپریس میں مسافروں کی تعداد متاثر ہوئی تھی، جس کے پیش نظر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد میرٹ پر رقم میں نظرثانی کی گئی۔ترجمان کے مطابق کرایوں اور مالی معاملات میں تبدیلی کا فیصلہ متعلقہ ضوابط اور دستیاب اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔