لاہور میں صبح سویرے سورج کے جلوے نظر آئے اور موسم خوشگوار رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کے مقابلے میں آج درجہ حرارت میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ شہر میں بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 جبکہ کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں بارشوں کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری زیادہ رہنے اور 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں آج بھی بارش متوقع ہے۔
کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے چند مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے اوقات میں میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شام اور رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔