اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز 2025 کے لیے پاکستان کا 25 رکنی دستہ اٹلی کے شہر ٹیورن پہنچ چکا ہے۔
یہ گیمز 8 مارچ سے 16 مارچ تک منعقد ہوں گے اور ان میں دنیا بھر کے معذور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستانی کھلاڑی اس گیمز میں اسنو شوئنگ اور کراس کنٹری اسکیئنگ جیسے ایونٹس میں حصہ لیں گے۔پاکستان کے دستے میں کھلاڑیوں کے علاوہ کوچز، آفیشلز، طبی عملہ اور ینگ گلوبل لیڈرز بھی شامل ہیں، جو کھیلوں کی تیاری میں معاونت فراہم کریں گے۔ اس ورلڈ ونٹر گیمز میں 93 سے زائد ممالک کے 1500 سے زائد مرد اور خواتین ایتھلیٹس حصہ لیں گے، جبکہ تقریباً 2,000 رضا کار ان ایتھلیٹس کی معاونت کریں گے۔
پاکستانی کھلاڑی اس ایونٹ میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پر عزم ہیں اور انہیں عالمی سطح پر معذوری کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی اور فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم موقع ملے گا۔ اس ایونٹ میں پاکستان کی شرکت اس بات کا عکاس ہے کہ ملک معذور افراد کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں میں تیزی سے دلچسپی بڑھا رہا ہے۔