وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے قومی اسمبلی میں امریکی ٹیرف سے متعلق حکومتی مؤقف پیش کرتے ہوئے ایک ارب ڈالر نقصان کی خبروں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان پر ٹیرف کی شرح 29 فیصد سے کم کر کے 19 فیصد کر دی ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈی میں فروخت میں اضافہ ہوگا۔ خاص طور پر ٹیکسٹائل کی برآمدات میں نمایاں بہتری کا امکان ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزارت خزانہ کے جواب نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری خزانہ کو ایوان میں طلب کر لیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی بلایا جائے گا۔
ایوان میں موجود وزارت قانون کے وزیر اعظم نذیر تارڑ نے سیکریٹریز کی غیر حاضری پر غیرمشروط معافی مانگی، لیکن اسپیکر نے سخت ایکشن لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو غیر سنجیدگی سے لینا ناقابل قبول ہے اور آئندہ غفلت پر افسروں کو پورا دن ایوان میں بٹھایا جائے گا۔