اسلام آباد میں قیمتی پتھروں اور زیورات کے شعبے سے متعلق اہم اجلاس وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں اس شعبے کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی جیسے اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر روایتی برآمدات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور قیمتی پتھروں و زیورات کا شعبہ اس حکمتِ عملی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ تجارت اس شعبے کو مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ یہ صنعت عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند کر سکے۔جام کمال خان نے بتایا کہ وزارت کی تیار کردہ سفارشات جلد وزیراعظم آفس کو ارسال کی جائیں گی تاکہ پالیسی سطح پر ضروری اقدامات کو بروقت یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایس آر او 760 کی بحالی اور ایس آر او 924 سے ممکنہ استثنیٰ پر بھی غور کیا گیا، جبکہ قیمتی پتھروں کے شعبے کی عالمی فورمز میں شرکت کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
وزیرِ تجارت نے ہدایت دی کہ فرانس، بنگلہ دیش اور ایتھوپیا میں ہونے والے بین الاقوامی بزنس فورمز میں پاکستان کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی و سرکاری شعبے کے اشتراک سے اس صنعت کو نئی جہت دی جا سکتی ہے اور حکومت اس شعبے کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔مزید برآں، جام کمال خان نے دیہی علاقوں کے ہنر مندوں اور خواتین کی اقتصادی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زیورات کی صنعت میں ان کی شرکت نہ صرف معاشی بہتری کا ذریعہ بن سکتی ہے بلکہ اسے ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کرے گی۔