راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے مقدمات کے ٹرائل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد کم ہو رہا ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات دیگر مقدمات کی طرح شفاف اور اوپن ٹرائلز کے تحت چلنے چاہئیں، تاکہ وکلا، میڈیا اور عوام کو رسائی حاصل ہو۔بیرسٹر گوہر نے عدالتی نظام میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ 2023 اور 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 24 لاکھ مقدمات التوا کا شکار ہیں، جن میں بانی پی ٹی آئی کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس میں بانی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت میں 8 ماہ سے تاخیر پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے اندرونی معاملات پر باہر بیانات سے گریز کی ہدایت دی ہے اور ملک میں دہشتگردی کے خاتمے پر زور دیا۔ علی امین گنڈا پور کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ تب تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے جب تک انہیں بانی کا اعتماد حاصل ہے۔توشہ خانہ کیس اور سابقہ ٹوئٹر (ایکس) اکاؤنٹ کے حوالے سے بھی گوہر نے وضاحت کی کہ جیل سے اکاؤنٹ نہیں چلایا جاتا اور اکاؤنٹ بند کرنے کی پالیسی سے انہیں علم نہیں ہے۔