ماں،2بہنوں کا قاتل مقابلے میں ہلاک

ملزم نے ماں،2 بہنوں کو زخمی کرکے پٹرول چھڑکا اور آگ لگادی،دوران تفتیش اعتراف کرلیا 
 لودھراں ( خصوصی رپورٹ) ملتان میں اپنی سگی ماں اور دو بہنوں کو بے ہوش کرنے کے بعد پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے کے سنگین مقدمے میں ملوث ملزم امن عباس کہروڑپکا میں سی سی ڈی پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اپنی ماں اور دو بہنوں کو بے ہوش کرنے کے بعد ان پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں تینوں خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں۔ ملزم نے واردات چھپانے کے لیے گھر میں آتش زدگی کے واقعے کو شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزم کی جانب سے پٹرول پمپ سے پٹرول خریدنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتاری کے بعد دورانِ تفتیش ملزم نے تینوں خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔ ماں اور دو بہنوں کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم امن عباس کہروڑپکا میں سی سی ڈی پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا۔