فوم فیکٹری میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

ریسکیو کے 60 اہلکاروں نے آگ بجھائی، سرچ آپریشن میں 32 سالہ افضال کی لاش برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع فوم فیکٹری میں آگ لگنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع رات 10 بج کر 21 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔ آگ بجھانے کے آپریشن میں ریسکیو کی 13 ایمرجنسی گاڑیوں اور 60 افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فائر فائٹرز نے جدید حفاظتی آلات (ایس سی بی اے) کی مدد سے رات تقریباً 12 بجے آگ پر قابو پا لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 32 سالہ افضال ولد حسن خان کی لاش برآمد ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم احتیاطی تدبیر کے طور پر دو فائر ٹینڈرز موقع پر موجود رہے۔