عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں قیمت تقریباً 2 فیصد بڑھ گئی ہے۔
اس اضافے کی بنیادی وجوہات امریکی ڈالر کی کمزوری اور امریکا و ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے سے پیدا ہونے والی مثبت توقعات بتائی جا رہی ہیں۔اسپاٹ گولڈ 2 فیصد اضافے کے بعد 4,647.09 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی بڑھ کر 4,658 ڈالر فی اونس ہو گئے۔ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور خطے میں کشیدگی میں ممکنہ کمی نے بھی سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے۔ ساتھ ہی امریکی ڈالر کی قدر میں کمی نے بھی سونے کو سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش بنا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھتی ہے تو سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ دوسری جانب سرمایہ کار اس ہفتے جاری ہونے والے امریکی روزگار کے اعداد و شمار پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جو فیڈرل ریزرو کی آئندہ مالیاتی پالیسی پر اثر ڈال سکتے ہیں۔دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں چاندی 3.4 فیصد، پلاٹینم 2.4 فیصد اور پیلیڈیم 2.6 فیصد مہنگی ہو گئیں۔