پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار فیصل قریشی نے پاکستانی کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اردو بولیں اور اپنی مادری زبان پر فخر کریں۔
فیصل قریشی نجی ٹی وی چینل کے ایک شو کی میزبانی کر رہے ہیں، جس میں وہ مہمانوں کو دعوت دیتے ہیں اور مختلف موضوعات پر بات چیت کرتے ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا ہے، جس میں اداکار نے مادری زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ویڈیو میں فیصل قریشی نے کرکٹرز سے مخاطب ہو کر کہا:"میں اپنے کرکٹرز سے خاص طور پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اردو بولا کریں، خود پر اور اپنی زبان پر فخر کیا کریں۔"اداکار نے مزید کہا کہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی جیسے کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی بھی اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں اور انگریزی صرف ضرورت پڑنے پر استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی کھلاڑی بھی اپنی قومی زبان اردو کو ترجیح دیں، اور اگر انگریزی نہیں آتی تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔فیصل قریشی کے اس پیغام نے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کی ہے اور کئی صارفین نے اس کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا مثبت اقدام ہے۔