ڈولفن الرٹ ،47اشتہاریوں سمیت 499 ملزم گرفتار

317 ریکارڈ یافتہ افراد اور 97 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)ماہِ صیام کے دوسرے عشرے میں مارکیٹس، شاپنگ مالز اور سہولت بازاروں میں شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر پنجاب پولیس کے شعبہ ڈولفن سکواڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ترجمان ڈولفن کے مطابق شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اشتہاریوں، عدالتی مفروران اور عادی ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 47 اشتہاریوں سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب 499 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈولفن سکواڈ نے 317 ریکارڈ یافتہ افراد اور 97 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا، جبکہ مختلف زیرِ سماعت مقدمات میں 38 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ ماہِ صیام میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم پیشہ افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں۔