صدر مملکت آج سے 9 جولائی تک کر غزستان کا دورہ کریں گے

صدر مملکت آج سے 9 جولائی تک کر غزستان کا دورہ کریں گے

صدر مملکت آصف علی زرداری آج سے 9 جولائی تک جمہوریہ کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی اس دورے میں شریک ہوگا۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 21 برس کے دوران یہ کسی بھی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو کرغزستان کے صدر سیدر ژاپاروف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ دورے کے دوران صدر پاکستان اور کرغز صدر سیدر ژاپاروف کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔مذاکرات میں دونوں رہنما پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، دواسازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کرغزستان کی پارلیمان کے اسپیکر سے بھی خیرسگالی ملاقات کریں گے، جس میں پارلیمانی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔