بانی پی ٹی آئی کا اپنی ذات کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ، مذاکرات کا سٹارٹنگ پوائنٹ نظر نہیں آتا، فضابہتر بنانا چاہتے ہیں تو تشدد اور وفاقی دارالحکومت پرچڑھائی کی دھمکیاں نہ دیں
کسی ملک میں احتجاج ہوگا تو دشمن فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے،مودی کے اقتدارمیں آنے کے بعد بھارت میں اقلیتوں پر زمین تنگ کی گئی:وزیردفاع کا انٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں، بانی پی ٹی آئی کا اپنی ذات کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ، پانچ بڑوں کی بیٹھک کیلئے دیانت داری اہم ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پی ٹی آئی مختلف رنگ دکھا رہی ہے، پی ٹی آئی میں کچھ لوگ مذاکرات اور کچھ تصادم کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا اپنی ذات کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، مفاہمت اور گفتگو کیلئے ایجنڈا کون طے کرے گا، بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی گارنٹی دینے کو تیار نہیں۔ میری پارٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی تو میں اس کے خلاف آواز اٹھائوں گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں پیش رفت کرسکے گی، محمود اچکزئی بڑے اعتماد سے بانی پی ٹی آئی سے متعلق باتیں کررہے ہیں،اگلے سیشن میں ان سے ضرور پوچھوں گا کہ بانی سے متعلق اعتماد کی وجہ کیا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ وفاق پرحملہ کرنے کی باتیں گزشتہ 2سال سے جاری ہیں،مجھے مذاکرات کا اسٹارٹنگ پوائنٹ نظر نہیں آتا، فضابہتر بنانا چاہتے ہیں تو تشدد اور وفاقی دارالحکومت پرچڑھائی کی دھمکیاں نہ دیں۔دہشت گردی کیخلاف جوان شہید ہوئے، پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر ان کے گھر نہیں گیا، پی ٹی آئی والے شہدا کے خون کیساتھ نہیں کھڑے تو میں ان کے ساتھ مذاکرات کروں؟ میری پارٹی بھی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی تو میں اس کیخلاف آواز اٹھاں گا۔