لاہور کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے جہاں برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کے لیے مرغی کا گوشت خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
تازہ نرخوں کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 21 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 475 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب صافی گوشت کی قیمت بھی بڑھتے ہوئے 575 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے، جو 600 روپے کی حد کے قریب ہے۔مارکیٹ ریٹ کے مطابق زندہ برائلر مرغی کا فارم ریٹ 300 روپے فی کلو، ہول سیل قیمت 314 روپے فی کلو جبکہ پرچون سطح پر قیمت 328 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر رکھا ہے، جبکہ برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث متوسط طبقے کے لیے بھی گوشت خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔