جب تیل کی قیمتیں کم ہوں گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا،عطا تارڑ

مسیحی برادری کیلئے جو کچھ ہوسکا وہ کروں گا، ہمیشہ ہر فورم پر آواز اٹھائی کہ ہم مسیحی برادری کے حقوق کے محافظ ہیں: وفاقی وزیر
لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جب جب تیل کی قیمتیں کم ہوں گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا،مسیحی برادری کیلئے جو کچھ ہوسکا وہ کروں گا، ہمیشہ ہر فورم پر آواز اٹھائی کہ ہم مسیحی برادری کے حقوق کے محافظ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بہتری کیلئے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ لاہور میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہمیشہ ہر فورم پر آواز اٹھائی کہ ہم مسیحی برادری کے حقوق کے محافظ ہیں، میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر موقع پر مسیحی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسیحیوں کا بھی خون شامل ہے، پاکستان میں رہنے والے مسیحی ملک کو عظیم بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسیحی برادری کے لیے جو کچھ ہوسکا وہ کروں گا، ملک کے دفاع اور تعلیمی نظام میں مسیحی برادری کا بڑا کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں اوپر جا رہی ہیں، اس میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں، جب جب تیل کی قیمتیں کم ہوں گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا، اسلام آباد اور پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی گئی ہے۔