’مرزا پور‘ نے پہلی ہی دن بڑے پردے پر دھوم مچا دی، 25 کروڑ روپے سے زائد کمائی

’مرزا پور‘ نے پہلی ہی دن بڑے پردے پر دھوم مچا دی، 25 کروڑ روپے سے زائد کمائی

بھارت کی مقبول ویب سیریز ’مرزا پور‘ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے بعد بڑے پردے پر بھی اپنی مقبولیت ثابت کردی۔

 فلمی ورژن ’مرزا پور: دی مووی‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے۔علی فضل، پنکج ترپاٹھی، دیویندو سمیت معروف اداکاروں سے سجی یہ فلم 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، جہاں ایڈوانس بکنگ کے دوران ہی شائقین کی جانب سے اسے زبردست پذیرائی ملی۔رپورٹ کے مطابق فلم نے پہلے روز 25 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کیا، جبکہ ناقدین اور شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل نے بھی اس کی باکس آفس کارکردگی کو مزید تقویت دی۔’مرزا پور: دی مووی‘ کی پہلے روز کی کمائی حالیہ فلموں ’آوارہ پن 2‘، ’دھمال 4‘، ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ اور ’بھوت بنگلہ‘ کی اوپننگ سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

فلم کی ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی پنیت کرشنا نے تحریر کی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں علی فضل، دیویندو، پنکج ترپاٹھی، جتیندر کمار، رسیکا دگل، روی کشن، شریا پلگاؤںکر اور شویتا ترپاٹھی سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔واضح رہے کہ ’مرزا پور‘ کا آغاز 2018 میں ویب سیریز کے طور پر ہوا تھا۔ 2024 تک اس کے تین سیزنز ریلیز ہونے کے بعد میکرز نے مقبول فرنچائز کو فلم کی صورت میں بڑے پردے پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔