آن لائن فراڈ عروج پر پہنچ چکے ،روزانہ 241 شکایات موصول، رواں سال 61 ہزار کیسز رپورٹ:این سی سی آئی اے
لاہور (کرائم رپورٹر)پاکستان میں سائبر کرائم اور آن لائن فراڈ کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جہاں گزشتہ 31 ماہ کے دوران شہریوں سے آن لائن فراڈ کے ذریعے 8 ارب روپے لوٹ لیے گئے۔این سی سی آئی اے کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے روزانہ اوسطاً 241 آن لائن فراڈ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 61 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن دھوکہ دہی اور مالیاتی فراڈ کی شکایات درج کرائی ہیں۔حکام اور سائبر سکیورٹی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم کال، میسج، بینک تفصیلات اور آن لائن سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی محتاط رہیں اور اپنی ذاتی یا مالیاتی معلومات کسی سے شیئر نہ کریں۔